ٹیکنالوجی کی دنیا میں تیزی سے ترقی کرتے مملکت خداد پاکستان میں دنیا کے تیز ترین نیٹ ورک فائیو جی کی آزمائش کا مرحلہ آسانی سے طے کرلیا گیا، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے زونگ نیٹ ورک کے ذریعے اسلام آباد سے بیجنگ کال کرکے پہلی بین الاقوامی فائیو جی وڈیو کال کا کامیاب تجربہ کیا اور بیجنگ موبائل نیٹ ورک کے سے بات کرتے ہوئے ہزاروں میل دوری کے باوجود بہترین وڈیو اور صاف آواز کا مشاہدہ کیا جو فائیو جی کی اہم ترین اور منفرد خصوصیت ہے۔
فائیو جی نیٹ ورک کے تحت آزمائشی کال کی خصوصی تقریب زونگ ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں منعقد کی گئی، آزمائشی فائیو جی کال کا اعزاز سب سے پہلے زونگ نیٹ ورک کو حاصل ہوا ہے جو پہل ہی ملک بھر میں تیز ترین فورجی نیٹ ورک فراہم کرنے کا اعزاز رکھتا ہے، فائیو جی نیٹ ورک میں تیز ترین ڈیٹا بینڈوتھ استعمال ہوتا ہے جسے کسی بھی فائیو جی کے حامل موبائل فون کے ذریعے استعمال کرتے ہوئے تیزترین انٹرنیٹ اور دنیا میں کہیں بھی شفاف و بلا خلل وڈیو کال سے لطف اندوز ہواجاسکتا ہے۔
فائیو جی آزمائشی کال کے موقع پر اپنی گفتگو میں وفاقی وزیر آئی ٹی وٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے کہا کہ یہ میرے لیئے نہایت فخر و اعزاز کی بات ہے کہ میں اپنے ملک میں ایک ایسی سروس کے آزمائشی مرحلے کا گواہ بن رہا ہوں جس کی آمد میرے وطن اور میرے ہم وطنوں کیلئے ٹیکنالوجی کا ایک اہم ترین سنگ میل ثابت ہوسکے گی، امین الحق نے کہا کہ میری خوشی اس لیئے بھی ہے کہ حالیہ دو برسوں میں پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 81 فیصد سے زائد ہوچکی ہے اور اس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ براڈ بینڈ سروس استعمال کرنے والوں کی تعداد بھی 42 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے اس کا واضح مطلب ہے کہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن کی ڈیجیٹل پاکستان کیلئے کی جانے والی تمام کوششیں اپنے دُرست راستے پر ہیں جہاں ہر پڑاؤ ایک انفرادی حیثیت و اہمیت کا حامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ زونگ نیٹ ورک اس ضمن میں زبردست خراج تحسین اور مبارکباد کا مستحق ہے جس نے فائیو جی کی کامیاب آزمائشی کال سے یہ ثابت کیا کہ اس کے پاس جدید ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر موجود ہے۔
سید امین الحق نے بتایا کہ پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کیلئے تمام امور آخری مراحل میں ہیں اور جلد ہی اس کی نیلامی کا انعقاد کیا جائے گا ہمیں امید ہے کہ اس کی آمد سے جہاں ایک جانب پاکستان کو قابل ذکر ریونیو حاصل ہوگا وہیں دنیا کے اس تیز ترین نیٹ ورک کے ذریعے پاکستانی عوام ڈیجیٹل ورلڈ سے بہترین انداز میں منسلک ہوسکیں گے، وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ ایک جانب ہم ٹیکنالوجی کی جدت سے خود کو ہم آہنگ کررہے ہیں اور دوسری جانب دور دراز علاقوں تک نیٹ ورکنگ کی توسیع کیلئے بھی منصوبوں پر عمل کررہے ہیں۔ عوام مطمئن رہیں اگر ان کے علاقے میں نیٹ ورکنگ کا کسی بھی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش ہے تو وہ ہم سے مخفی نہیں بلکہ ہم اسے حل کرنے کی کوششوں میں دن رات مصروف ہیں۔
اس موقع پر زونگ نیٹ ورک کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر وانگ ہُوا نے کہا مجھے خوشی ہے کہ زونگ نیٹ ورک اس تاریخی و انقلابی عمل کی ابتداء کا اعزاز حآصل کررہا ہے، دنیا بھر میں تجارتی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی اسپیڈ اور کوالٹی کے ذریعے سرائیت کرنے والا فائیو جی نیٹ ورک تیزی سے مقبول ہورہا ہے زونگ کی اس آزمائشی کال نے پاکستان کو فائیو جی کی دنیا سے بھی قریب ترین کردیا ہے جہاں صارف کیلئے اس کی امیدوں سے بھی زیادہ ممکنات موجود ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ زونگ کی پُشت پر چائینہ موبائل کمیونیکشنز کمپنی کی بھرپور معاونت شامل ہے جو چین کے 50 شہروں میں ایک لاکھ 88 ہزار فائیو جی بیس اسٹیشنز کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکشن کمپنی کا اعزاز رکھتی ہے۔
http://feeds.feedburner.com/blogspot/ZuqEN